• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیریوں سے یکجہتی کیلئے ریلیاں، حق خودارادیت جدوجہد میں ساتھ دینے کا عزم

راولپنڈی، اسلام آباد (خبر نگار خصوصی، خصوصی نامہ نگار) کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جڑواں شہروں میں میں ریلیاں نکالی گئیں اور حق خودارادیت کیلئے ان کی جدوجہد کا ساتھ دینے کا عزم کیاگیا۔ راولپنڈی گڈز ٹرانسپورٹ کے زیر اہتمام گنجمڈی سے فوارہ چوک تک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ مرکزی انجمن تاجران کے صدر شرجیل میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔یوم یکجہتی کشمیر اور پتنگ بازی اورہوائی فانگ کے خلاف انجمن تاجران کی جانب سے سرسید میں ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ایم پی اے ضیاء اللہ شاہ ،ڈی ایس پی اظہر شاہ ،ایس ایج او کاشف اقبال ،صدر ارشد اعوان،فوکل پرسن راجہ ظفر اقبال ، سیف اللہ خان اور دیگر نے کی ۔ جماعت اسلامی راولپنڈی کے زیر اہتمام بھی مری روڈ پر کشمیر واک کا انعقاد کیا گیا۔شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے موجودہ اور سابقہ حکمرانوں پرتنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایوب خان سے لے کر موجودہ حکمرانوں نے عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ جرآت حمیت اور غیرت سے نہیں لڑا ۔سید عارف شیرازی نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔مختار سٹوڈنٹ آرگنائزیشن اور امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام کشمیر ڈے کے حوالے سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے باہر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی لے لئے مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے کی قیادت سید عون حیدری اور سید شبر عباس کر رہے تھے۔ پریس کلب کے سامنے ورلڈ منیرٹی الائنس کی جانب سے جے سالک کی قیادت میں بھی کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی ۔
اسلام آباد سے مزید