کراچی (نیوز ڈیسک) غیر قانونی بھارتی تارکینِ وطن کو امریکی فوجی طیارے پر واپس بھیجنے اور بعض افراد کو مبینہ طور پر ہتھکڑی لگانے پر بھارت میں اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پارلیمان کے اندر اور باہر شدید احتجاج کیا گیا۔ راہول گاندھی سمیت سینئر اپوزیشن رہنمائوں کی ہتھکڑیاں ڈال کر مظاہرے میں شرکت۔ نئی دہلی میں حزبِ اختلاف کے متعدد ارکانِ پارلیمان جن میں ملک ارجن کھڑگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی، اکھلیش یادو وغیرہ شامل تھے، غیر قانونی تارکینِ وطن کو فوجی طیارے میں لانے پر جمعرات کو پارلیمان کے اندر اور باہر شدید احتجاج کیا۔ اس موقع پر راہول گاندھی سمیت سینئر اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے ہاتھوں میں ہتھکڑی ڈال رکھی تھی۔ واپس آنے والے متعدد افراد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ انہیں ہاتھوں میں ہتھکڑی اور پیروں میں بیڑی ڈال کر لایا گیا۔