اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان تحریک انصاف نے آج 8 فروری کے انتخابات کو ایک سال مکمل ہونے پر انتشار اور ٹکرائو نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ آج صرف صوابی میں جلسہ ہوگا جبکہ تحصیل اور یونین کونسلوں کی سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔ انتشار اور ٹکرائو کا ارادہ نہیں ہے،مولانا فضل الرحمٰن زیرک سیاستدان ہیں، گمان یہی ہے کہ مولانا عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ گزشتہ روز جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق سوال پر کہا کہ عوام اس فسطائیت کیخلاف ہیں، مولانا فضل الرحمٰن زیرک سیاستدان ہیں، گمان یہی ہے کہ مولانا عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے، مولانا فضل الرحمٰن نے 26ویں آئینی ترمیم میں ووٹ دیا یہ ان کی سیاست ہے، ہم نے ترمیم کی مخالفت کی آج بھی کرتے ہیں، جہاں تعاون ہوسکتا ہے وہاں مولانا کا تعاون لیں گے۔