• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایسے قوانین بنائیں جو عوامی ضروریات پوری کریں، یوسف رضا گیلانی

لاہور(مقصود اعوان، رب نواز خان )قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ایسے قوانین بنائیں جو عوامی ضروریات پوری کریں، انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور میں دولتِ مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن (CPA) کی ریجنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا کہ مقامی حکمرانی کے ڈھانچہ کو بااختیار بنانے کی ضرورت ہے،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں ماحول کے تحفظ کیلئے گرین میکانزم پر کام جاری ہے ، کانفرنس کے اعلامیہ میں مستحکم جمہوریت ،علاقائی پائیدار ترقی کے عزم کا اظہار کیا گیا ، سیدیوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمنٹ صرف قانون سازی کے ادارے نہیں بلکہ تبدیلی کے مراکز بھی ہیں، جو حکمرانی کو جدت سے جوڑتے ، سماجی انصاف کو یقینی بناتے ہیں، اور منصفانہ معاشی ترقی کو فروغ دیتے ہیں، ہم اختلافات کو کم کریں۔ مختلف نقطہ نظر کو ہم آہنگ کریں، اور ایسے قوانین بنائیں جو ہمارے عوام کی ضروریات کو پورا کریں۔ ہمیں ایسے پائیدار طرز حکمرانی کو اپنانا ہوگا جو تعاون، لچک، اور برابری کو فروغ دے۔آنے والے وقت میں کوئی بھی ملک یا ادارہ تنہا ان چیلنجز سے نہیں نمٹ سکتا۔ موسمیاتی تبدیلی، آلودگی، ٹیکنالوجی میں انقلابی تبدیلیاں، اور جامع سماجی و اقتصادی ترقی کے چیلنجز قومی سرحدوں تک محدود نہیں بلکہ علاقائی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے متقاضی ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ تاریخی اجتماع 100 سے زائد معزز مندوبین، 12 اسپیکرز، 4 ڈپٹی اسپیکرز، اور ملائشیا، مالدیپ، سری لنکا، اور پاکستان کی 22 مقننہ کے نمائندوں کو ایک پلیٹ فارم پر لایا ہے۔ خاص طور پر اسپیکر ملک محمد احمد خان اور وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز کی قیادت کو سراہتا ہوں جنہوں نے اس کانفرنس کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانا بھی جمہوریت کو مستحکم کرنے اور عوامی خدمات کو زیادہ موثر بنانے کے لیے ضروری ہے۔ انھوں نے کہا مجھے یقین ہے کہ ’’لاہور ڈیکلریشن‘‘ ایک رہنما اصول ثابت ہوگا، جو یہاں پیدا ہونے والی مثبت توانائی کو برقرار رکھنے اور بین الپارلیمانی و علاقائی تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں مدد دے گا۔

ملک بھر سے سے مزید