ملتان(سٹاف رپورٹر) ملتان سمیت پنجاب بھر میں صحت کارڈ کا پورٹل بدستور بند ہے جسکی وجہ سے مریض پریشان ہوگئے پورٹل بند ہونے سے صحت کارڈ پر مریضوں کی رجسٹریشن تعطل کا شکار ہو گئی صحت کارڈ پر علاج کے خواہاں مریض دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے ، صحت کارڈ کا آن لائن پورٹل گزشتہ چار روز سے خرابی کا شکار ہے، صحت کارڈ پورٹل کی بندش دور کرنے میں تاحال کامیابی نہیں مل سکی،سرکاری و پرائیویٹ ہسپتالوں سے رجوع کرنے والے مریض پریشان ہیں نشتر ہسپتال ملتان میں بھی زیر علاج مریض ہیلتھ کارڈ پر علاج نہ ہونے کی وجہ سے مالی ذہنی و جسمانی پریشانی کا شکار ہیں نشتر ہسپتال میں مفت ٹیسٹوں کی سہولت بند ہونے کی وجہ سے مریض نشتر کی ہی لیبارٹری سے مہنگے دام پر تشخیصی ٹیسٹ کروانے پر مجبور ہیں اور بیشتر ادویات بھی ان کو باہر سے ہی خریدنا پڑ رہی ہیں اس بارے میں مریضوں اور ان کے لواحقین نے مطالبہ کیا ہے کہ جلد سے جلد ہیلتھ کارڈ کے پورٹل میں پیش آنے والی شکایت کا خاتمہ کیا جائے -