اسلام آباد( فاروق اقدس)قائمہ کمیٹی ؛ نامزد امریکی ایلچی رچرڈ گر ینل ٹوئٹس /سوشل میڈیا پر فری عمران مہم کا تذکرہ ، بیرسٹر علی ظفر اجازت دیں تو ٹرمپ کے بیانات پر مذمتی قرارداد لاسکتے ہیں، عرفان صدیقی کا طنزیہ استفسار /کمیٹی زعفران زا ،سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے کہا ہے کہ امریکی سیاستدان کی جانب سے’’ فری عمران خان‘‘ کی سوشل میڈیا پر چلائی جانیوالی مہم اور امریکی سینیٹ میں اس حوالے سے بیان کا جواب یا رد عمل حکومت یا وزارت خارجہ نہیں بلکہ سینیٹ کو اس کا جواب دینا چاہئے۔ یہ بات انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں اٹھائے گئے ایک سوال کے جواب میں کہی۔ کمیٹی کا اجلاس منگل کو چیئرمین سینیٹر عرفان الحق صدیقی کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی میں کئے گئے استفسار کے جواب میں وزارت خارجہ کے حکام کا کہنا تھا کہ رچرڈ گرینل نے جب متذکرہ ٹوئٹس کئے تو ان کے پاس باضابطہ کوئی حکومتی عہدہ نہیں تھا انہوں نے یہ ٹوئٹس ذاتی حیثیت میں کئے اور بعد میں اپنے ٹوئٹس بھی ڈیلیٹ کر دیئے۔