اسلام آباد ( جنگ نیوز) یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن ان چیف ایس ایم تنویر، سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور صدر یو بی جی اسلام آباد عبدالرؤف عالم نے وزیرستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سیف الرحمن اور دو کسٹمز اہلکاروں کے جنوبی وزیرستان میں اغوا کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس واقعے کو ملک کے کاروباری ماحول اور تاجر برادری کیلئے نہایت تشویشناک اور خطرناک قرار دیا۔یو بی جی کے رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اس طرح کے واقعات نہ صرف کاروباری برادری کے اعتماد کو متزلزل کرتے ہیں بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی نقصان دہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد کی سلامتی کو یقینی بنائے بغیر ملک میں معاشی استحکام ممکن نہیں۔ایس ایم تنویر نے کہا کہ حکومت اور سیکیورٹی اداروں کو چاہیے کہ وہ فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لیں اور سیف الرحمن سمیت تمام مغویوں کی بحفاظت اور فوری بازیابی کو یقینی بنائیں۔