اسلام آباد (عاطف شیرازی ، نامہ نگار) پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی طر ف سے فیس وصولیوں کا معاملہ ایف آئی اے اور نیب کو بھیجے جانے کا امکان ہے ۔وزارت صحت کے مطابق پرائیویٹ میڈیکل کالجز نے سال 2024 کے ایم بی بی ایس کے طلبا سے بھاری غیر قانونی فیسوں کی وصولی کے بعد 2025 کے طلبا سے بھی پی ایم ڈی سی کی منظوری کے بغیر 30 لاکھ روپے سالانہ سے بھی زائد فیسیں وصول کر لی ہیں۔پی ایم ڈی سی نے 8جنوری 2025کو میڈیکل کے سیشن 2024-25کے طلبا سے فیس وصولی نہ کرنے کا نوٹیفکیش جاری کیا تھا، گزشتہ سال پی ایم ڈی سی کو سب کچھ علم ہوتے ہوئے پرائیویٹ میڈیکل کالجز نے طلبا سے سالانہ دس سے بارہ لاکھ تک اضافی فیسیں وصول کیں اور سال گزرنے کے باوجود معاملہ حل نہ ہو سکا۔ اس تمام تر صورت حال پر سینٹ کی قائمہ صحت سخت نالاں ہے اور کمیٹی کے ممبران اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ فیسوں کا معاملہ نیب اور ایف آئی آے دونوں کو بھیج دیا جائے ۔