• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی، جوش و خروش عروج پر، اہم ایونٹ کیلئے شائقین بے چین، افغان ٹیم بھی کراچی پہنچ گئی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) چیمپئنز ٹرافی کے لئے جوش عروج پر پہنچ گیا،غیر ملکی ٹیموں کی کراچی آمد اور تین قومی کر کٹ سیریز کے بعد شائقین اس اہم ترین ایونٹ کا بے چینی سے انتظار کررہے ہیں، ٹکٹوں کی فروخت میں کر کٹ مداحوں کی دل چسپی قابل دید ہے،افغانستان کی کر کٹ ٹیم بھی ہفتے کو کراچی پہنچ گئی،جو اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے ساتھ وارم اپ میچ کھیلے گی،سہ فریقی کرکٹ ٹورنامنٹ فائنل میں شکست کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ہفتے کو مکمل آرام کیا۔جبکہ افغانستان کرکٹ ٹیم شام کو لاہور سے کراچی پہنچی۔جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے بھی ہوٹل میں آرام کو ترجیح دی۔نیشنل اسٹیڈیم میں جنوبی افریقا کے خلاف 17 فروری کو ہونے والے میچ کے لیے محمد ہریرہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ اعجاز احمد جونیئر کوچ کم منیجر ہوں گے۔اسی دن (17 فروری) کو دبئی میں پاکستان شاہینز کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا جس میں محمد حارث کپتان اور عمر گل کوچ کم منیجر ہوں گے۔پاکستانی ٹیم آئی سی سی چیمپنز ٹرافی میں اپنی مہم کا آغاز بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی۔چیمپنز ٹرافی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک تین میچ ہوئے ہیں تینوں میں نیوزی لینڈ فاتح رہا۔سہ فریقی ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ نے دونوں میچوں میں پاکستان کوبآسانی شکست دی۔پاکستان کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ یہی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں بہت اچھی کار کردگی کا مظاہرہ کرے گی ، ایک دو میچ کر ہار کر لوگوں کو لگتا ہے ٹیم میں کچھ نہیں بچا، اس ٹیم میں وہ سب کچھ ہے جو ٹاپ پر جا سکتی ہے، ہمیں اسپن آلراؤنڈر اور پیس آلراؤنڈر رکھنا تھا اس لیے خوشدل اور فہیم ٹیم میں ہیں، جب آپ ٹورنامنٹ کھیل رہے ہوتے ہیں تو مختلف ورائٹی رکھنا ہوتی۔ تین میچز میں ہم نے مختلف کمبی نیشن دیکھا اور چیزیں آزمائیں، اندازہ ہے کہ کہاں کیا کرنا ہے، اگر فخر اور بابر کی اوپر سے اچھی شراکت لگ جائے تو بہت کچھ بہتر ہو جائے گا۔ بدقسمتی سے بابر اعظم تین میچوں میں جلد آوٹ ہوگئے، صائم ایوب کی انجری بھی ہماری بدقستی رہی، جو کھلاڑی ان فارم تھے ہم انہیں لے کر آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ11اوور سے40اوور تک ون ڈے میں ایک تبدیلی آئی ہے،اس دوران عجیب شارٹس کھیلنے کی ضرورت نہیں ہوتی،4فیلڈرز جو دائرے سے باہر ہیں انہیں صرف یوز کرنا ہوتا ہے۔ اس طرح کی پچز پر بابراعظم کو اوپن کرنا چاہیے، بابر اعظم کی ایک اننگ ڈیو ہے، امید ہے کہ جس روز ملک کو ضرورت ہوگی بابر اعظم بڑی اننگ کھیلے گا۔

اسپورٹس سے مزید