• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹ ستاروں کی کہکشاں پاکستان میں سج گئی، چیمپئنز ٹرافی آج شروع، پاکستان اور نیوزی لینڈ کا افتتاحی میچ

کراچی (عبدالماجدبھٹی) شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم ، پاکستان میں کرکٹ ستاروں کی کہکشاں سج گئی، دنیا کی آٹھ صف اول کی ٹیموں کے ساتھ پاکستان کے تین شہروں اور دبئی میں کرکٹ کا میلہ شروع ہونے کو تیار ہے۔ بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن پاکستان اور نیوزی لینڈ کے میچ سے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا با ضابطہ افتتاح ہورہا ہے۔ افتتاحی میچ ڈے اینڈ نائٹ دوپہر دوبجے شروع ہوگا۔ پاکستان میں 29 سال بعد آئی سی سی ایونٹ کھیلا جارہا ہے ۔1996میں پاکستان نے آخری بارورلڈ کپ کی میزبانی کی تھی۔ کپتان محمد رضوان نے کہا کہ یہ صرف میری اور بابر اعظم کی نہیں بلکہ تمام کھلاڑیوں سمیت پورے پاکستان کی خواہش ہے کہ پاکستان ٹائٹل جیتے۔ میں صرف ٹاس کا کپتان ہوں، میرے لئے پوری ٹیم کپتان ہے، سب سے مشورہ کرتا ہوں۔ یاد رہے کہ  پاکستان نے 2017 میں سرفراز احمد کی قیادت میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی ۔ فائنل میں اس نے بھارت کو180 رنز سے شکست دی تھی۔ فخرزمان شاندار سنچری کی بدولت پلیئر آف دی فائنل رہے تھے جبکہ حسن علی مجموعی طور پر 13 وکٹوں کی عمدہ کارکردگی پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے زبردست تیاری کی ہے جس میں سب سے اہم بات قذافی اسٹیڈیم لاہور ، نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی کی اپ گریڈیشن ہے۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور کی تعمیر اور تزئین و آرائش صرف 117 دن کی ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی ہے ۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں بھی نئی عمارت تعمیر کی گئی ہے ۔ ٹورنامنٹ میں میزبان باکستان، نیوزی لینڈ ، بھارت اور بنگلہ دیش گروپ اے جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ، افغانستان اور جنوبی افریقا گروپ بی میں شامل ہیں ۔ پاکستان اپنے اگلے دو گروپ میچز 23 فروری کو بھارت کے خلاف دبئی میں اور 27 فروری کو بنگلہ دیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے گا۔ بھارت کی ٹیم اپنے تینوں گروپ میچز دبئی میں کھیلے گی۔ پہلا سیمی فائنل 4 مارچ کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔ لاہور 5 مارچ کو دوسرے سیمی فائنل کی میزبانی کرے گا۔ اگر بھارت کی ٹیم فائنل میں پہنچنے میں کامیاب نہ ہو پائی تو پھر9 مارچ کو فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا بصورت دیگر یہ فائنل دبئی میں ہوگا۔ پاکستان اسکواڈ محمد رضون ( کپتان )، سلمان علی آغا ( نائب کپتان )، فخرزمان، بابراعظم، سعود شکیل، کامران غلام، طیب طاہر، عثمان خان، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، محمد حسنین، حارث رؤف، نسیم شاہ اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔

اسپورٹس سے مزید