کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) سندھ میں رواں سال پولیو وائرس کا دوسرا کیس سامنے آگیا ہے ۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر برائے پولیو سندھ کے مطابق لاڑکانہ کی رہائشی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ملک بھر میں رواں برس پولیو کیسز کی تعداد 3ہوگئی، گزشتہ سال سندھ میں 23 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ یہ رواں سال پاکستان میں پولیو کا تیسرا کیس ہے ۔ اس سے قبل سندھ میں ایک اور خیبرپختونخوا میں ایک کیس رپورٹ ہوچکا ہے ۔ گزشتہ سال ملک میں پولیو کے 74 کیسز سامنے آئے تھےجن میں بلوچستان سے 27، خیبرپختون خوا سے 22 ،سندھ سے 23 جبکہ پنجاب اور اسلام آباد سے ایک، ایک کیس رپورٹ ہوا تھا۔دوسری جانب قومی برائے ادارہ صحت کی ریجنل ریفرنس لیبارٹری نےملک بھر کے 8 اضلاع سے لیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں پولیووائرس کی تصدیق کی ہے جن میں بلوچستان سے کیچ، سبی، بارکھان، کوئٹہ، گوادر جبکہ خیبر پختون خوا سے بنوں، ڈی آئی خان، جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔