پشاور (وقائع نگار )پشاور میں موسم بہار شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی سربراہی میں میرہ کچوری میں شجرکاری مہم کے تحت 480سے زائد پودے لگائے گئے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر (صدر) ڈاکٹر عزا ارشد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر سمیعہ جبین، اسسٹنٹ کمشنر (یوٹی) علینہ، سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر عبدالستار سمیت محکمہ جنگلات کے افسران، ریونیو اہلکار، اساتذہ، طلبہ، عوامی نمائندگان اور مقامی افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے شجرکاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پشاور کو سرسبز بنانے کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موسم بہار شجرکاری مہم کے دوران پشاور بھر میں آٹھ لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے تاکہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور شہر کو مزید خوبصورت بنانے میں مدد ملے۔ انہوں نے مزید کہا کہ درخت نہ صرف ماحولیاتی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں بلکہ آلودگی کم کرنے، آکسیجن فراہم کرنے اور درجہ حرارت متوازن رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے طلبہ اور مقامی افراد سے بھی گفتگو کی اور انہیں شجرکاری کی اہمیت اور ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں آگاہ کیا۔