• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور سٹی ٹریفک پولیس نے رمضان المبارک کیلئے ٹریفک پلان تشکیل دیدیا

پشاور (جنگ نیوز) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے رمضان المبارک کے لئے ٹریفک پلان تشکیل دیدیا۔ اس سلسلے میں چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان کی زیر صدارت رمضان المبارک میں ٹریفک کنٹرول کرنے سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی ہیڈکوارٹرز ارباب شفیع اللہ، ایس پی کینٹ زکاء اللہ، ایس پی ٹاؤن عبد الرحیم، ڈی ایس پیز سمیت ٹریفک آفیسرز اور ٹریفک وارڈنز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے ماضی کی طرح اس سال بھی رمضان المبارک کیلئے جامع پلان تشکیل دیدیا ہے جس کے تحت ٹریفک افسران اور اہلکار رات گئے تک ڈیوٹی انجام دینگے اسی طرح ٹریفک پلان کے تحت شہر بھر میں 3 ایس پیز‘ 12 ڈی ایس پیز سمیت ایک ہزار سے زائد وارڈنز ڈیوٹی انجام دینگے جبکہ 18 فورک لفٹرز فرائض سرانجام دیں گے ٹریفک کنٹرول کرنے کے لئے افسران اور اہلکاروں کو شہر بھر کے مختلف سیکٹروں میں اپنی اپنی ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں اور افطاری اور اس کے بعد وہ شہر بھر میں پٹرولنگ کرینگے۔ چیف ٹریفک آفیسر ہارون رشید خان نے ٹریفک حکام کو رمضان المبارک میں رش کو کنٹرول کرنے کیلئے جاری کردہ ٹریفک پلان پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنانے اور اسے کامیاب بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہیں آنی چاہئے، انہوں نے مزید کہا کہ وہ رمضان المبارک میں ٹریفک نظام کی خود مانیٹرنگ کرینگے اور اس سلسلے میں شہر بھر کے مختلف اوقات میں دورے بھی کرینگے اور ٹریفک نظام کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے سیکٹروں میں موجود رہیں اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور زیادہ رش والی مقامات پر نفری بڑھائیں تاکہ ٹریفک جام کے شکایات پیش نہ آئیں۔ انہوں نے کہا کہ غلط پارکنگ کرنیوالی گاڑیوں کو فورک لفٹر کے ذریعے اٹھائیں اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔
پشاور سے مزید