اسلام آباد(جنگ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کے ایک کانسٹیبل، ہیڈ کانسٹیبل اور اے ایس آئی کو ترقی دینے کا حکم جاری کردیاہے۔جسٹس طارق محمود جہانگیری پرمشتمل سنگل بنچ نے ہفتہ کے ورز ایف آئی اے ملازمین کی درخواست منظور کرنے کا فیصلہ جاری کردیا جس میں ایف آئی اے کو سٹرکچرل پروموشن پالیسی پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا گیاہے کہ تمام اہل افسران کو بلا تاخیر آپ گریڈ کیا جائے۔فیصلے میں قراردیا گیا ہے کہ درخواست گزاروں کو سروس کے معیار پر پورا اترنے اور اہلیت رکھنے کے باوجود ترقی سے محروم رکھا گیا۔ درخواست گزاروں کے وکلاء کے مطابق دیگر محکموں میں ان سے جونیئرز عہدے اور پے گریڈ میں درخواست گزاروں سے آگے نکل گئے ہیں جبکہ ایف آئی اے میں پروموشن پالیسی میں شفافیت نہیں ہے ۔فیصلے کے مطابق ایف آئی اے درخواست گزاروں کی پروموشن میں تاخیر کا جواز پیش نہیں کر سکاہے۔