راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ ماہ ٹریفک حادثات میں 16 افراد جاں بحق ہوگئے۔ترجمان ریسکیو1122 عثمان گجر کے مطابق ضلع راولپنڈی ماہ فروری میں ریسکیو 1122 کو ایک ہزار 204 روڈ حادثات رپورٹ ہوئے۔ ان حادثات میں مجموعی طور پر ایک ہزار 315 افراد متاثر ہوئے ۔ان میں 16 افراد جاں بحق ، 569 شدید زخمی اور 730 معمولی زخمی ہوئے۔ایمرجنسی ریسکیو سروس راولپنڈی نے تمام متاثرین کو بروقت ریسکیو سروسز فراہم کیں۔ ٹریفک حادثات کاشکار ہونے والوں میں زیادہ تعداد کار اور موٹر سائیکل سواروں کی ہے۔ ٹریفک حادثات متاثرین میں ایک ہزار 124 مرد اور 191 خواتین شامل ہیں۔حادثات کی وجوہات میں تیز رفتاری، دوران ڈرائیونگ لاپرواہی، گاڑی غلط موڑنا، ٹائر کا پھٹنا اور دیگر شامل ہیں۔ حادثات کے شکار افراد میں زیادہ افراد کی عمریں 11 سال سے 40 سال کے درمیان تھیں۔