اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار) پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا مشترکہ اجلاس (مجلس شوری) طلب کرنے کے لئے وزیراعظم ہفتہ رواں میں ایڈوائس ارسال کردیں گے جو آئینی تقاضے پورا کرنے کے لئے پارلیمانی سال شروع ہونے سے پہلے منعقد کیا جاتا ہے۔ حد درجہ قابل اعتماد پارلیمانی ذرائع نے اتوار کو یہاں بتایا ہے کہ مشترکہ اجلاس 10؍ مارچ کو منعقد ہوگا اس سلسلے میں ایوان صدر، صدرآصف علی زرداری کے اس روز دستیاب ہونے سے آگاہ کرچکا ہے ۔ وزارت قانون وا نصاف و پارلیمانی امور مطلوبہ سمری آئندہ دو دنوں میں مرتب کرلے گی اس طرح قومی اسمبلی کے اسپیکر کا سیکریٹریٹ پورا ہفتہ مشترکہ اجلاس کی تیاریوں میں مصروف رہے گا۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق جو مشرقی یورپ کے ممالک کے دورے کے بعد وطن واپس آگئے ہیں آج (پیر) لاہور سے اسلام آباد پہنچ جائیں گے وہ مشترکہ اجلاس کے انعقاد کی تیاریوں کے حوالے سے امور کی نگرانی کرینگے۔