واشنگٹن (اے ایف پی) امریکا میں پہلی بار ایک نجی کمپنی کا خلائی جہاز اتوار کو چاند پر اتر گیا ہے، یہ امریکا کی تاریخ میں کسی بھی نجی کمپنی کی جانب سے چاند پر دوسری لینڈنگ ہے تاہم اپنی کوشش میں کامیاب ہونے والا یہ پہلا نجی مشن ہے۔بلیو گھوسٹ اپنے ساتھ 10 سائنسی آلات لے کر گیا جن میں چاند کی مٹی کا تجزیہ کرنے والا آلہ شامل ہے۔ فائر فلائی ایرو سپیس کے بلیو گھوسٹ مشن ون نے امریکی مشرقی وقت کے مطابق صبح تین بج کر 34 منٹ پر (0834 جی ایم ٹی) چاند کی شمال مشرقی جانب میئر کریسیم میں واقع ایک آتش فشانی ساخت مونز لیٹریئل کے قریب کامیابی سے لینڈنگ کی۔آسٹن، ٹیکسس میں موجود مشن کنٹرول ٹیم خوشی سے جھوم اٹھی جب کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو افسر جیسن کم نے تصدیق کی کہ خلائی جہاز ’مستحکم اور سیدھی حالت میں ہے۔‘ یہ منظر گذشتہ سال فروری میں چاند پر پہلی نجی لینڈنگ کے بالکل برعکس تھا، جب خلائی جہاز لینڈنگ کے فوراً بعد الٹ گیا جس کی وجہ سے یہ کامیابی کچھ ماند پڑ گئی حالاں کہ وہ 1972 میں عملہ ساتھ لے جانے والے اپالو 17 کے بعد چاند پر اترنے والا پہلا امریکی مشن تھا۔ ناسا کے سائنس مشن ڈائریکٹوریٹ کی ایسوسی ایٹ ایڈمنسٹریٹر نکی فاکس نے پرجوش انداز میں اعلان کیا ’ہم چاند پر پہنچ گئے ہیں۔‘ مشن بلیو گھوسٹ کے پروگرام مینیجر رے ایلنز ورتھ نے لینڈنگ کی درستی کو نمایاں کرتے ہوئے بتایا کہ خلائی جہاز اپنے ہدف کے 100 میٹر کے اندر اترنے میں کامیاب رہا۔