کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر میں ہیوی ٹریفک نے ایک اور نوجوان کی جان لے لی ،مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں2افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سپر مارکیٹ تھانے کی حدود لیاقت آباد نمبر چار ارم بیکری کے قریب تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ماردی جس کے باعث موٹر سائیکل میں موٹر سائیکل سوار موقع پر ہلاک ہوگیا، واقع کے بعد مشتعل افراد نے ٹرالر کو آگ لگانے کی کوشش کی واقعے کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر متوفی کی لاش کو اسپتال منتقل کیا تاہم ٹرالر کو آگ لگانے سے بچاکر تھانہ منتقل کردیا، ایس ایچ او سپر مارکیٹ محمد ناظم رائو نے بتایا کہ ٹریفک حادثہ ٹرالر ڈرائیور کی لاہرواہی اور ممکنہ تیز رفتاری کے سبب پیش آیا،پولیس نے ٹرالر کو تحویل میں لے کر واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ٹرالر کا ڈرائیور موقع سےفرار ہوگیایے۔ پولیس ٹرالر کے ڈرائیور کی گرفتاری کی کوشش کررہی ہے۔ ٹریفک حادثہ میں جاں بحق شخص کی شناخت 55 سالہ طارق ولد محمد شفیع سے ہوئی ہے۔متوفی کی لاش قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی یے۔پولیس اس واقعہ کی مذید تحقیقات کررہی ہے۔دریں اثناء جمشید کوارٹر تھانے کی حدود جیل چورنگی پل کے قریب تیز رفتاری کے باعث بو قابو ہوکر دو موٹر سائیکلیں آپس میں ٹکراگئیں۔حادثہ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔حادثہ کے بعد جاں بحق شخص کی لاش اور زخمی ہونے والے فرد کوایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔جہاں پرجاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 21 سالہ طحٰہ ولد ذوالفقار عمر اور زخمی کی 22 سالہ زبیر ولد ظفر کے نام سےہوئی,پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ میں جا ں بحق ہونے والےطحہٰ مارٹن کواٹر کا رہائشی اور درزی کا کام کرتا تھا۔اس کی دکان طارق روڈ پر ہے۔متوفی طارق روڈ سے گھر آرہا تھا کہ حادثہ کا شکار ہوگیا۔متوفی کے چار بہن بھائی ہیں۔وہ غیر شادی شدہ تھا۔ حادثہ میں زخمی زبیر رائیڈر کا کام کرتا ہے۔