کراچی(اسٹاف رپورٹر)رمضان المبارک میں بھی کراچی کے بیشتر علاقوں میں شہری سحری اور افطاری کے اوقات میں گیس کی بندش سے پریشانی کا شکار رہے،سوئی گیس کے حکام اپنے دئیے ہوئے شیدول پر بھی عمل کرنے میں ناکام رہے، گیس کی عدم فراہمی اور تعطل کے باعث علاقہ مکینوں کو سحری اور افطاری کی تیاری میں شدید مشکلات کا سامنا رہا، شہریوں نے بناء سحری روزہ رکھنے کی بھی اطلاع دی ، نارتھ ناظم آباد بلاک بی، گلستان جوہر، دستگیر بلاک نو،فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاک15,16,17,کے علاوہ لیاقت آباد بی ایریا، لیاقت آباد 4 نمبر، فیڈرل کیپٹل ایریا اور نارتھ ناظم آباد ،عثمانیہ کالونی ناظم آباد، گلبہار وحید آباد، بنارسی محلہ، پی آئی بی کالونی، ملیر، سعود آباد، اورنگی ٹائون کے بعض علاقوں، برنس روڈ،گلشن اقبال کے مختلف بلاکس، نارتھ کراچی،سمیت کئی علاقوں کے مکینوںنے اس بات کی شکایات کی ہے کہ سحری اور افطاری میں گیس کی بندش سے انہیں سخت ترین مسائل کا سامنا رہا، شہریوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کراچی شہر کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا فوری نوٹس لیں،دریں اثناء سو ئی سدرن گیس کے ترجمان نے گیس بند ہونے کی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی فراہمی معمول کے مطابق ہے، 95فیصد علاقوں میں گیس کی فراہمی شیڈول کے مطابق رہی،صرف شہر کے پانچ فیصد علاقوں میں شکایات سامنے آئی ے جس پر توجہ دی جارہی ہے۔