• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنگلہ دیش نے بھارتی اخبار کی خبر کو جھوٹی قرار دیکر مسترد کردیا

اسلام آباد (صالح ظافر) بنگلہ دیش نے بھارتی اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ کو مکمل طور پر جھوٹا قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔ اس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آئی ایس آئی اور بنگلہ دیشی ایجنٹس مل کر آسام کی سرحد کے قریب یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (الفا) کے کیمپوں کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر کے پریس ونگ نے ایک بیان میں اس رپورٹ کی تردید کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دیگر ایسی خبروں کی طرح، جو شیخ حسینہ کی بدعنوان اور جابرانہ حکومت کے خاتمے کے بعد سامنے آئی ہیں، اس رپورٹ میں بھی کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا گیا، اور نہ ہی کسی نامزد ذریعے نے اس کہانی کی تصدیق کی ہے۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ رپورٹ میں واحد حوالہ دیا گیا ذریعہ، آسام کے وزیراعلیٰ ہمنت بسوا سرما خود ان دعوؤں کی تردید کر چکے ہیں۔سرما نے کہا کہ انہیں یقین نہیں ہے کہ الفا کے رہنما پریش بروہ کا عسکری سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا کوئی ارادہ ہے۔
اہم خبریں سے مزید