• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرمایہ کاری کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ ضروری، ترقی کا سفر خوارج کے خاتمے تک ممکن نہیں، آج تمام ادارے ایک پیج پر ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 2029ء تک ملکی برآمدات 60 ارب ڈالر تک بڑھانے‘ 2035ء کے وژن کے تحت ملک کو ایک ٹریلین کی معیشت بنانے اور قرضوں سے جان چھڑانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کا خاتمہ ہو گا تو ملک میں سرمایہ کاری آئے گی‘ملکی ترقی اور خوشحالی کا سفر خوارج کے خاتمے تک ممکن نہیں‘آج تمام ادارے ایک پیج پر ہیں‘ایک سال میں اپوزیشن کوئی جھوٹا اسکینڈل بھی حکومت کے خلاف سامنے نہیں لا سکی، اس سے بڑی ہماری اور کامیابی کیا ہو سکتی ہے‘جب ہم آئی ایم ایف سے گفتگو کررہے تھے تو وہ کون لوگ ہیں جو آئی ایم ایف کو خطوط لکھ رہے تھے کہ پاکستان کا پروگرام منظور نہ کریں‘اتحادیوںکے تعاون سے ہم نے مشکل ترین مراحل عبور کئے ہیں‘ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بھی معاشی بہتری کیلئے بھرپور کردار ادا کیا ہے ‘میں اورجنرل عاصم دوست ملکوں کے پاس گئے اور 5ارب ڈالر کا گیپ پوراکیا‘ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کی بجائے ملکی ترقی کیلئے کام کرنا ہو گا‘اگر ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے تو بہانے اور جادو ٹونے نہیں چلیں گے، صرف اور صرف کام کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو حکومت کا ایک سال مکمل ہونے پر وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ کابینہ کے خصوصی اجلاس کی کارروائی نشر اور کابینہ کی ایک سال کی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کی گئی۔ اجلاس میں متعلقہ وزراء نے اپنی اپنی وزارت اور دیگر شعبوں کی ایک سالہ کارکردگی پر رپورٹ پیش کی۔ خصوصی اجلاس میں زندگی کے مختلف شعبوں بشمول کاروباری حضرات، چیمبرز کے نمائندگان، صحافیوں، خواتین، طالب علموں اور دیگر شعبوں سے شہریوں کو مدعو کیا گیا تاکہ وہ اجلاس کا خود مشاہدہ کریں اور پچھلے ایک سال میں حکومتی اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل سے آگاہ ہوں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہہم 9 مئی والے نہیں 28 مئی والے ہیں‘ملک سے ضد، نفرت، گالم گلوچ اور احتجاج کی سیاست کو دفن کرنا ہو گا‘مثبت معاشی اشاریوں کا عالمی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں‘رمضان پیکیج کے تحت40لاکھ خاندانوں میں پانچ، پانچ ہزار روپے تقسیم کئے جائیں گے۔


اہم خبریں سے مزید