کراچی ( اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم، گورنر سندھ، سابق میئر مصطفی کمال اور خالد مقبول صدیقی سے پوچھا جانا چاہئے کہ اگر گیس فراہم نہیں کرنی تھی تو لوڈشیڈنگ کا شیڈول کیوں دیا گیا،سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سےسڑکوں کی بغیر اجازت کھدائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ،بلدیہ عظمیٰ کراچی پر ریٹائر ملازمین کے 13 ارب روپے کے واجبات ہیں، ان کی ادائیگی کے لئے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں، 610پینشنرز کو 55کروڑ روپے کے بقایا جات آج ادا کئے جا رہے ہیں، عوامی مقامات پر غیر قانونی قبضے برداشت نہیں کئے جائیں گے، شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن بھی موثر انداز میں جاری رہے گا،کے ایم سی کے چار بڑے اسپتالوں کو سولر انرجی پر منتقل کیا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار میئر کراچی نے افسران و ملازمین کو پینشن، فیملی پینشن اور بقایا جات کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے ریٹائرڈ اور وفات پاجانے والے پینشنرز کو اگست 2017 سے مارچ 2018 تک کے بقایا جات کی ادائیگی کی گئی۔