اسلام آباد (فاروق اقدس) مصدقہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تحریک انصاف سے لاتعلقی کے بعد سابق وزیر دفاع اور کے پی کے سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک دوبارہ سیاست میں فعال ہوگئے ، وزیراعظم کے مشیر نامزد ہونے کے بعد ان کی سرگرمیوں اور فعالیت کا دائرہ کار خیبرپختونخوا ہی رہے گا۔ پرویز خٹک کو وزیراعظم کا مشیر داخلہ امور جبکہ اختیار ولی کو خیبرپختونخوا میں مشیر کا عہدہ دے دیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق پرویز خٹک صوبے میں امن وامان اور سکیورٹی سے متعلق صورتحال پر نظر رکھیں گے ان کا پولیس اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ رابطہ رہے گا۔ جبکہ اختیار ولی صوبے میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر ہوں گے اور اطلاعات کے حوالے سے معاملات دیکھیں گے۔