کراچی (عبدالماجد بھٹی) چیمپئنز ٹرافی کا میزبان پاکستان تھا لیکن بھارت نے آئی سی سی غلبے کے سبب پورا ایونٹ ہی پاکستان سے ہتھالیا، کرکٹ کی عالمی تنظیم بھارت کے ہاتھوں کس طرح یرغمال ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دبئی میں تقریب تقسیم انعامات میں پاکستان کو ہی نظر انداز کردیا گیا، اس پر کئی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔ پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے خرابی صحت کی وجہ سے لاہور سے دبئی کا سفر نہیں کیا۔ پی سی بی حکام کے ساتھ کرکٹ شائقین بھی آئی سی سی کے اس رویے پر سخت ناراض ہیں۔آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ ، بھارتی بورڈ کے صدر راجر بنی، سیکریٹری اور کرکٹ نیوزی لینڈ کے دائریکٹر راجر ٹوز نے انعامات تقسیم کئے۔ چیمپئنز ٹرافی فائنل میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی غیر موجودگی پر وضاحت مانگی گئی تھی۔ ترجمان آئی سی سی کے مطابق پی سی بی چیئرمین محسن نقوی مدعو تھے۔ ٹورنامنٹ کیلئے آئی سی سی کے پروٹوکولز ہیں ۔ اختتامی تقریب میں میزبان ملک بورڈ کا چیئرمین، سربراہ، صدر، نائب صدر یا چیف ایگزیکٹو شریک ہوتا ہے۔ تقریب پروٹوکول تمام ٹورنامنٹس میں نافذ کئے جاتے ہیں ۔ جے شاہ کے چیئرمین بننے کے بعد آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں کئی بھارتیوں کی تقرری ہوئی ہے جس سے یہ تاثر مل رہا ہے کہ آئی سی سی ہیڈ کوارٹر میں بھارت کی بالادستی ہے۔ پاکستان نے اختتامی تقریب میں اپنے چیف آپریٹنگ آفیسر اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر سید سمیر احمد کو اسٹیج پر نہ بلانے پر زبانی احتجاج کیا ہے۔