کراچی (پ ر )فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیراہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں تیسری سالانہ عالمی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس میں فلسطین سے یکجہتی کے اظہار کے لئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ رمضان المبارک کے جمعۃ الوداع کو یوم القدس سرکاری سطح پر منایا جائے جبکہ ملک بھر کے عوام سے امریکی و اسرائیلی مصنوعات کے بائیکا ٹ کو جاری رکھنے کی اپیل کی گئی ۔سیمینار کےآغاز میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نےکلیدی خطاب میں معزز مہمانوں کا خیرمقدم کیا، کانفرنس میں فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما ڈاکٹر ناجی شیری ،جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان، ملائیشیا کے قونصل جنرل حرمن حردیانتا، عراق کے قونصل جنرل ڈاکٹر ماھر مجھد اور روسی سفارتکار ،سینیٹر سلیم ضیاءاور دیگر نے شرکت کی ، حماس کے رہنما ڈاکٹر ناجی نےکہا کہ ایک دن مسجد اقصیٰ آزاد ہوگی اور ہم سب مل کر وہاں نماز ادا کریں گے،لیاقت بلوچ نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کو شامل کیے بغیر ان کے مستقبل کے حوالے سے کوئی یکطرفہ فیصلہ قابلِ قبول نہیں ہوگا، ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا کہ فلسطینیوں کو یہ باور کرانے کی کوشش کی گئی کہ ابراہیمی معاہدہ ان کے لیے معاشی فوائد کا باعث بنے گا۔