کراچی(نیوز ڈیسک) ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر محمد سعید قریشی کی ہدایت پر طلبہ و فیکلٹی کی جانب سے جعفر ایکسپریس پر بلوچستان لبریشن آرمی(بی ایل اے )کے حالیہ دہشت گرد حملے کی سخت مذمت اورمعصوم یرغمال شہریوں کو رہا کراکے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پرافواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں ، ریلی کا انعقاد ڈاؤ یونیورسٹی کے دونوں کیمپسز ، ڈاؤ میڈیکل کالج اور اوجھا کیمپس میں کیاگیا، ڈاؤ میڈیکل کالج میں ریلی کی قیادت پرووائس چانسلر پروفیسر نازلی حسین نے جبکہ اوجھا کیمپس میں پرووائس چانسلر پروفیسر جہاں آرا حسن نے کی، ڈی ایم سی کی ریلی میں پرنسپل ڈاؤ میڈیکل کالج پروفیسر صبا سہیل اور وائس پرنسپل ڈاکٹر شمائلہ خالد بھی موجود تھیں، جبکہ اوجھا کیمپس میں پروفیسر رملہ ناز، پر وفیسر سنبل شمیم طلبہ و اسٹاف کی بڑی تعداد افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے جمع ہوئی ،اس موقع پر مسلسل پاکستان زندہ باد اور دہشت گرد ی مردہ باد کے نعرے لگائے جاتے رہے۔