اسلام آباد(جنگ رپورٹر)لاہور بارایسوسی ایشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ملک کی مختلف عدالتوں سے تین ججوں کے تبادلہ کے اقدامات کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیاہے ،درخواست گزار نے جمعرات کے روز آئین کے آرٹیکل 184(3) کے تحت دائر کی گئی درخواست میں صدر پاکستان ،وفاق پاکستان بذرعیہ سیکرٹری قانون و انصاف، جوڈیشل کمیشن، رجسٹرار سپریم کورٹ ،اسلام آباد، لاہور، سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹ کے رجسٹرار وں ،جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس محمد آصف ،جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس طارق محمود جہانگیری، جسٹس بابر ستار، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز کو فریق بناتے ہوئے ججوں کی اسلام آباد ہائی کورٹ میں ٹرانسفر کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دینے،سابق چیف جسٹس عامر فاروق کی جانب سے ججوں کی ریپریزینٹیشن سے متعلق فیصلہ کالعدم قرار دینے، قائمقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ،سردار محمد سرفراز ڈوگر کی تقرری کا نوٹیفیکیشن کالعدم قرار دینے،اور اسلام آباد ہائی کورٹ کی سنیارٹی لسٹ دوبارہ جاری کرنے کا حکم جاری کرنے کی استدعا کی۔