کراچی( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچے کی سرکاری اراضی وہاں کی خواتین میں تقسیم کرنے کی سندھ حکومت پالیسی بنائے، کچے میں وہاں کے من پسند لوگوں کو سندھ حکومت اونرشپ دے، کراچی میں روڈ حادثات کو ہر صورت کنٹرول، منشیات کیخلاف جاری آپریشن کو مزید بہتر بنایا جائے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہم سب ملکر کام کرینگے، پوری قوم اور پاکستان پیپلزپارٹی اپنی فوج کیساتھ کھڑی ہے، ہم مثبت سیاست پر یقین رکھتے ہیں، ہر مسئلےکا حل سیاسی انداز میں نکل سکتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ زراعت ترقی کرے لیکن پانی کی تقسیم ٹھیک ہونی چاہیے،پانی کے معاملے پر ہمارا موقف بالکل واضح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زیر صدارت امن امان سے متعلق اجلاس اوروزیراعلی ہائوس میں محکمہ اطلاعات سندھ کے پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بلاول بھٹو نے وزیراعلی سندھ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس ایسا وزیر اعلی ہے جو عوام کی خدمت کرتا ہے اور اپنی پرفارمنس بتاتا ہے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے جاب پورٹل لانچ کر دیا ہے، ایک سے چار گریڈ کی نوکریوں کے اشتہارات بھی اس پورٹل پر دیئے جائینگے۔وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس پلیٹ فارم پر ملازمت فراہم کرنے والے اور روزگار کے متلاشی ایک جگہ اکٹھے ہونگے، جس سے صوبے میں ترقی کی رفتار تیز ہو گی۔ امن وامان کے حوالے سے اجلاس کے موقع پر بلاول بھٹو نے سندھ پولیس کو صوبے بھر میں اغوا برائے تاوان کی وارداتیں روکنے اور کچے کے ڈاکوئوں کیخلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ صوبے میں امن امان برقرار رکھنا اور عوام کی جان و مال کی حفاظت سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے امن سے متعلق آگاہ کیا جائے۔ وزیراعلی سندھ نے انہیں بریفنگ میں بتایا کہ ناردرن سندھ کے کافی اضلاع میں اغوا برائے تاوان کے مسائل پر کنٹرول کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے وزیراعلی سندھ کو ہدایت دی کہ آئی جی پولیس کے ذریعے ناردرن اضلاع کی پولیسنگ بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے منشیات کے خلاف جاری آپریشن کو مزید بہتر بنایا جائے۔ آئی جی پولیس نے کچے کی صورتحال پر اجلاس میں بریفنگ دی اور کہا کہ مارچ 2024 سے مارچ 2025 تک کچے کے چار اضلاع سکھر، گھوٹکی، کشمور اور شکارپور میں 87 ڈاکو مارے گئے اور 298 زخمی ہوئے، پانچ اشتہاری ڈاکوں کو آپریشن میں مارا گیا اور 12 اشتہاری ڈاکو گرفتار کیے گئے، پولیس نے 534 افراد کو اغوا ہونے سے بچایا۔ وزیراعلی نے کہا کہ پولیس کو اسلحہ، آلات اور تربیت کے لحاظ سے مستحکم کیا گیا ہے، سی ٹی ڈی نے 2225 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے، آپریشن میں 208دہشت گرد گرفتار اور چار مارے گئے، اس سال پولیس تھانوں کو 6 ارب روپے دیئے ہیں تاکہ پولیس اسٹیشن کی سطح بہتر ہو۔ بلاول نے ہدایت دی کہ کراچی سیف سٹی پروجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔اجلاس میں وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ، سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر زراعت محمد بخش مہر، وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار و دیگر شریک ہوئے۔ دریں اثناء وزیراعلی ہائوس میں محکمہ اطلاعات سندھ کے پورٹل کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جعفرایکسپریس پر حملہ انتہائی افسوسناک تھا۔