کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ٹورین اٹلی میں کھیلے جانے والے اسپیشل اولمپکس ورلڈ ونٹر گیمز میں ہفتے کوکراس کنٹری اسکئنگ کی مردوں کی 100 میٹر ریس میں پاکستان کے لئے منیب الرحمن نے چھٹا گولڈ میڈل جیت لیا ،ایونٹ میں پاکستان نےتاحال 6 گولڈ 3 سلور اور 2 برانزمیڈلز کے ساتھ مجموعی طورپر 11 تمغے جیت لئے ہیں، ہفتے کو اسنو شوئنگ کی مردوں کی 400 میٹر ریس میں پاکستان کے عبدالصبور اور خواتین کی 400 میٹر ریس میں پاکستان کی مناہل نے گولڈ میڈلزجیت لئے ، جمعے کو 100 میٹر سنو شوئنگ ریس میں پاکستان کے آفاق خان نے پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتا تھا،سنو شوئنگ میں مردوں کی 4x100 میٹر ریلے ریس میں پاکستان کے معظم اقبال، عبدالصبور، محمد آفاق اور علی رضا نے سلورمیڈل جیتا ، سنو شوئنگ میں خواتین کی 4x100 میٹر ریلے ریس میںپاکستان کی اقراء اکرم، ناصر، شاہ گلون اور مناہل نے دوسری پوزیشن حاصل کرکے چاندی کا تمغہ جیتا ، دریں اثناء گور نر سندھ کامران ٹیسوری اور سابق عالمی اسکواش چیمپئن جہانگیر خان ، اسپیشل اولمپک پاکستان کی چییرپرسن رونق لاکھانینے پاکستانی کھلاڑیوں کو کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔