خضدار (ایجنسیاں)ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات جاری‘خضدار میں ایس ایچ او حب کے گھر پردستی بم حملہ‘4بچوں سمیت 5افراد زخمی ‘بنوں میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق‘شمالی وزیرستان میں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 2 مبینہ دہشت گرد ہلاک جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک راہگیر جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہو گیا‘خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے تین حملے پولیس کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے کوشک میں اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) حب سٹی قادر شیخ کےگھر پر دستی بم حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ان کے والد شدیدزخمی اور ان کے 4 بھتیجے زخمی ہو گئے ۔ ایس ایچ او قادر شیخ کے والدکوابتدائی طبی امداد دینے کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا۔ادھر شمالی وزیرستان کے علاقے بقاخیل میں سی ٹی ڈی نے بنوں میں کانسٹیبل کو قتل کرنے والے 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس کانسٹیبل ارمان کو بنوں میں قتل کیا تھا تاہم دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک راہگیر جاں بحق اور ایک زخمی بھی ہوا ہے۔بنوں میں موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں کی فائرنگ سے پولیس اہلکارجاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ممش خیل شاہ ھندی اڈا میں پیش آیا، پولیس اہلکار ارمان گھر سے ڈیوٹی کیلئے جا رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔علاوہ ازیں خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے تین حملے پولیس کی بروقت کارروائی سے ناکام بنا دیئے گئے۔لکی مروت کے تھانہ گمبیلا پر دہشت گردوں نے 10 سے 15 مسلح افراد کے ساتھ حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس کی جوابی کارروائی سے حملہ پسپا کر دیا گیا۔