کراچی( اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہا ہے کہ عید کے بعد حق دو کراچی کی تحریک کو ازسر منظم اور تیز کیا جائے گا‘ پورے کراچی خصوصاً اور نگی ٹاؤن کومسائل کا گڑھ بنا دیا گیا ہے، شہر پرقابض ٹولے نے لوٹ مار کابازار گرم کر رکھا ہے، عوام کے حقوق کے لیے گلی گلی رابطہ کیا جائے گا، جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت اسلام چوک پر عوامی دعوت افطار کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ ہم پر مسلط حکمران انجمن غلامان امریکا اور ان کی ساری تگ ودو امریکی خوشنودی کے لیے ہے‘ یہ لوگ عوام کا خون چوس رہے ہیں، آج اس بات کی ضرورت ہے کہ ایسے لوگوں کا ساتھ دیا جائے جو دیانتدار اور اہل ہوں، کلمہ حق کی جد وجہد کو گلی گلی پہنچانا ہے، ان ظالم حکمرانوں سے اپنا حق لینا ہے،اورنگی مسائل کا گڑھ بن چکاہے، کراچی کی طرح اورنگی ٹاؤن میں بھی چور راستے سے اقتدار پر قبضہ کیا اور اہل اورنگی کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیاگیا، ظلم کے مقابلے میں عوام کے حقوق کی جدوجہد کرنا ہماری ذمے داری یہی رمضان کا پیغام بھی ہے،انتخابات میں دھاندلی کا مقدمہ ہرفورم پر لڑرہے ہیں،اورنگی کو قبضہ چیئرمین سے نجات دلائیں گے۔