برطانیہ کی بولٹن کراؤن کورٹ نے چاقو کی نوک پر ڈکیتی کرنے والے 3 نوجوانوں کو سزا سنا دی۔
مانچسٹر پولیس نے عدالت کو بتایا کہ دو 17 سالہ اور ایک 16 سالہ لڑکے نے بولٹن کے بیورلی روڈ پر واقع ایک دکان پر دکاندار کو چاقو دکھا کر اس سے ایک بھاری رقم لے کر فرار ہوئے تھے۔
مانچسٹر پولیس کی خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں نے تفتیش کا دائرہ بڑھاتے ہوئے اس بات کا پتہ چلا لیا کہ تینوں نوجوان واردات سے قبل ایک ٹیکسی پر وہاں پہنچے تھے اور واردات کے بعد دوسری ٹیکسی بک کروا کر وہاں سے فرار ہوئے تھے۔
پولیس نے ٹیکسی کا پتہ لگانے کے بعد تینوں نوجوانوں کو گرفتار کر کے ان سے واردات میں استعمال ہونے والا چاقو بھی برآمد کر لیا۔
تفتیش کے دوران تینوں نوجوانوں نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا جس کے بعد گزشتہ ہفتے بولٹن کراؤن کورٹ نے ان پر فردِ جرم عائد کر دی۔
اس حوالے سے چیف انسپکٹر کرس بوائیڈ کا کہنا ہے کہ یہ ایک خوفناک واقعہ تھا اور اگرچہ متاثرہ شخص ویسے تو پوری طرح پرسکون رہا لیکن تفتیش کے دوران واقعہ بتاتے ہوئے گھبرا رہا تھا۔
یاد رہے کہ یہ واردات اتوار 5 جنوری 2025ء کو شام 8 بجے کے قریب ہیری آف لائسنس، بیورلی روڈ پر ہوئی۔