اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اپنا دورہ سعودی عرب مکمل کرکے ہفتہ کے روز واپس اسلام آباد پہنچ گئے ۔وزیراعظم نے خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور ملک و قوم اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے دعا کی ،دورہ کا مقصد پاکستان،سعودی عرب دوطرفہ تعلقات ، اقتصادی تعاون بڑھانا اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا ، قبل ازیں وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے جدہ سے اسلام آباد روانہ ہوئے توگورنر جدہ شہزادہ سعود بن عبد اللہ بن جلاوی نے وزیراعظم کو ایئرپورٹ پر رخصت کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 19 سے 22 مارچ 2025 تک سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا۔ دورہ سعودی عرب کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، اقتصادی تعاون کو بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا۔دورے کے دوران وزیراعظم نے سعودی ولی عہد و وزیراعظم عزت مآب محمد بن سلمان آل سعود سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے تجارت کو فروغ دینے، کلیدی شعبوں میں شراکت داری کو بڑھانے اور وسیع تر اقتصادی تعاون کو سہل بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے سعودی وزیر سرمایہ کاری عزت مآب خالد الفالح اور اقتصادی امور کے لیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کے سربراہ عزت مآب محمد التجویری سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور پاکستان میں مزید سعودی سرمایہ کاری لانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورے کے آخر میں مدینہ منورہ میں مسجد نبوی میں روضہ رسول پر حاضری دی اور مکہ مکرمہ میں وفد سمیت عمرہ بھی ادا کیا۔وزیراعظم نے خانہ کعبہ میں نوافل ادا کیے اور ملک و قوم اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود اور ترقی کے لیے دعا کی۔