• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید خریداری، راولپنڈی کے 36 بازاروں میں پولیس نفری تعینات

راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)عیدالفطر کی خریداری کے دوران راولپنڈی کے 36 بازاروں اورکاروباری مراکزمیں پولیس نفری تعینات کردی گئی۔ مجموعی طور پر راولپنڈی پولیس کے 460ملازمین کو سیکورٹی ڈیوٹی کے لئے متعین کیاگیاہے۔اس حوالے سے ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی کی جانب سے جاری کئے گئے سیکورٹی پلان میں کہاگیاہے کہ عیدالفطر کی آمد کے سلسلے میں کثیرتعداد میں لوگ عید کی خریداری کے لئے بازاروں کارخ کرتے ہیں جن میں زیادہ تعداد عورتوں اور بچوں کی ہوتی ہے ،اس سلسلہ میں عیدبازار میں نظم ونسق قائم رکھنے کے لئے خصوصی حفاظتی اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ کوئی ناخوش گوارواقعہ رونما نہ ہواور لوگ خصوصاً خواتین پرامن ماحول میں بلاخوف وخطر روایتی مذہبی جوش وجذبے سے عیدمناسکیں ۔اس سلسلے میں راول ڈویژن کے 16تجارتی مراکزراجہ بازار/فوارہ چوک ،کشمیری بازار،موتی بازار،ٹرنک بازار،چائنہ مارکیٹ ،باڑہ مارکیٹ ،اعوان مارکیٹ ،توحیدی روڈ بازار،ڈھوک حسو بازار،لنڈابازار،صرافہ بازار،سرسیدچوک بازار،کرتارپورہ بازار،کمرشل مارکیٹ ،پنڈورہ بازار،صادق آبادبازار/ہارون چوک،پوٹھوہار ڈویژن کے 14کاروباری مراکزکامران مارکیٹ ،میٹروشوزتایونیک بیکری چوک بنک روڈ،یونیک بیکری چوک تاکپیٹل سینماچوک بنک روڈ،چوہڑبازار،22نمبر چونگی تاڈسپنسری چوک ٹینچ بھاٹہ بازار،ڈسپنسری چوک تاآخری سٹاپ ٹینچ بھاٹہ بازار ،ڈھوک سیداں بازار،ڈھیری حسن آباد چوک ،لال کڑتی بازار،کمرشل مارکیٹ سکیم تھری ،مغل مارکیٹ بازارٹیکسلا،اسلم مارکیٹ واہ کینٹ ،بازار بستی لالہ رخ واہ کینٹ ،اور نواب آباد بازار،جب کہ صدرڈویژن کےکاروباری مراکزبازار دھاماں سیداں اڈیالہ روڈ،مین بازار گوجرخان ،مین بازار مندرہ ،مین بازار دولتالہ ،مین بازار کلرسیداں اور مین بازار کہوٹہ میں پولیس کی اضافی نفری متعین کردی گئی ہے جو31مارچ تک حفاظتی ڈیوٹی سرانجام دے گی،مزیدبرآں 29تھانوں کی موبائل گاڑیوں بازاروں کے اردگردپٹرولنگ کریں گی ۔
اسلام آباد سے مزید