• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پھانسی کے 45 سال بعد بھٹو کیلئے بعد از وفات نشان پاکستان ایوارڈ، صنم بھٹو نے وصول کیا

اسلام آباد (ایوب ناصر/فاروق اقدس ) سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی کے 45 سال بعد اعلیٰ ترین سول ایوارڈ "نشانِ پاکستان" جبکہ تعلیم کے شعبے میں دیرینہ خدمات کے اعتراف میں ماہر تعلیم سید اظہر حسنین عابدی کو "ستارۂ امتیاز" سے نوازا گیا‘ذوالفقار علی بھٹو کا ایوارڈ اُن کی صاحبزادی صنم بھٹو نے وصول کیا۔بھٹو کی سیاسی اور قومی خدمات کے تذکرے کے موقع پر صنم بھٹو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آبدیدہ ہوگئیں‘صدر آصف علی زرداری نے یومِ پاکستان پرنمایاں خدمات انجام دینے والی69ملکی اور غیر ملکی شخصیات کو سول ایوارڈز سے نوازا۔ ایوانِ صدر میں منعقدہ پروقار تقریب میں ان شخصیات کو نشانِ پاکستان، نشانِ امتیاز، نشانِ خدمت، ہلالِ امتیاز، ہلالِ شجاعت، ستارہِ امتیاز، ستارہِ شجاعت، ستارہِ قائداعظم، صدراتی تمغہ برائے حسن کارکردگی، تمغہِ پاکستان اور تمغہِ امتیاز جیسے اعلیٰ اعزازات دیے گئے۔ ذوالفقار علی بھٹو کو بعد از وفات نشانِ پاکستان سے نوازا گیا‘اس موقع پر پیپلزپارٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے زندہ ہے بھٹو زندہ ہے اور جیو بھٹو کے پرُ جوش نعرے لگائے۔ تقریب میں صنم بھٹو کے علاوہ بلاول بھٹو، آصفہ زرداری اور مرکزی رہنمائوں کی بھی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سلطان علی الانہ کو معاشی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں "نشانِ خدمت" تعلیم کے شعبے میں دیرینہ خدمات کے اعتراف میں ماہرِ تعلیم سید عابدی کو "ستارۂ امتیاز" سے نوازا گیا، ایوان صدر میں منعقدہ سول ایوارڈز کے نشانات سے نوازنے کی تقریب میں ڈاکٹر سید توقیر حسین شاہ کو ان کی عوامی خدمات کے اعتراف میں "ہلال امتیاز " خواجہ انور مجید کو ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں" ہلال امتیاز " ائیر مارشل (ر) راجہ شاہد حامد (مرحوم) کو ان کی عوامی خدمات کے اعتراف میں "نشان امتیاز " انجینئرنگ اور ایرو اسپیس میں ڈاکٹر سارہ قریشی کو ان کی عوامی خدمات کے اعتراف میں "تمغہ امتیاز" ایس پی محمد اعجاز شہید کو ان کی بہادری کے اعتراف میں "ہلالِ شجاعت " ایڈیشنل ایس ایچ او عدنان آفریدی شہید کو ان کی بہادری کے اعتراف میں "ہلالِ شجاعت " سبز علی شہید کو ان کی بہادری کے اعتراف میں" ستارہ شجاعت " لائیو اسٹاک کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں سردار محمد آفتاب احمد خان وٹو کو" ستارہ امتیاز " سید علی حیدر گیلانی کو ان کی عوامی خدمات کے اعتراف میں "ہلال امتیاز " حسین داؤد کو انسان دوستی کے شعبے میں خدمات کے اعتراف میں "ہلال امتیاز " ادب کے شعبے میں جاوید جبار کو ان کی خدمات کے اعتراف میں "ہلال امتیاز" اسکول ٹیچر اللہ رکھا شہید کو ان کی بہادری کے اعتراف میں" ہلالِ شجاعت" کوہ پیمائی کے شعبے میں محمد حسین (مراد سد پارہ) کو ان کی خدمات کے اعتراف میں "ستارہ امتیاز" سب سے زیادہ ٹیکس دہندہ امتیاز حسین کو ان کی عوامی خدمات کے اعتراف میں "ستارہ امتیاز" ریسنگ کے شعبے میں میر نادر خان مگسی کو ان کی خدمات کے اعتراف میں "تمغہ امتیاز" سے نواز گیا ، شہداء کے ایوارڈ ان کے فیملی ممبرز نے وصول کئے‘ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن کی گراں قدر خدمات کا قومی سطح پر اعتراف کرتے ہوئے صدر مملکت نے انہیں "ستارہ امتیاز "سے نوازا۔

اہم خبریں سے مزید