• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران سے ہفتے میں 2 دن ملاقات کی بحالی کا حکم، میڈیا ٹاک پر پابندی عائد

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بنچ نے بانی پی ٹی آئی سے منگل اور جمعرات دو دن کی ملاقات بحال کرتے ہوئے حکم دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک نہیں ہو گی، جو بھی بانی پی ٹی آئی سے ملے گا وہ میڈیا ٹاک نہیں کرے گا، بانی پی ٹی آئی کے کوآرڈینیٹر سلمان اکرم راجہ جو نام دینگے صرف وہی ملاقات کر سکے گا، بانی پی ٹی آئی کی بچوں سے ملاقات کے لئے ٹرائل کورٹ کو درخواست دی جائے۔اسلا م آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ سلمان اکرم جو نام دینگے وہی ملاقات کر سکے گا، بانی PTI کی بچوں سے ملاقات کیلئے ٹرائل کورٹ کو درخواست دی جائے،سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کوئی سمجھتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی معافی مانگیں گے تو اس کا کوئی امکان نہیں ، اپوزیشن جماعتوں سے گفتگو اچھی چل رہی ہے، گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل تین رکنی لارجر بنچ میں جیل ملاقاتوں سے متعلق تمام درخواستوں کو یکجا کر کے سماعت کی گئی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکلا ءسلمان اکرم راجہ، چوہدری ظہیر عباس اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے تفصیلی جواب جمع کرایا گیا۔ وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ایس او پیز کے مطابق ہماری جمعرات کی ملاقات نہیں کروائی جا رہی۔ جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ اپیل میں منگل اور جمعرات کی ملاقات کے ایس او پیز طے ہوئے تھے۔ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے وکیل نوید ملک نے کہا کہ دسمبر تک ان کی ملاقات ہفتہ میں دو دن کرائی جا رہی تھی، جنوری میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو سزا ہوئی، سزا یافتہ ہونے پر ان کا سٹیٹس تبدیل ہو چکا ، سیکورٹی تھریٹس کی وجہ سے ہم نے دو دن کی بجائے منگل کو ہی دو ملاقاتیں کر دی تھیں، جیل رولز کے مطابق سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کا اختیار ہے، جب میٹنگ کراتے ہیں تو یہ جیل کے باہر آکر سیاسی بیان بازی کرتے ہیں، یہ خلاف ورزی ہے۔ قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے کہا کہ آپ یہ کہہ رہے ہیں دو دن ملاقات کرانے کے بجائے ایک دن میں دو ملاقاتیں کرا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ جیل ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک کی کیا ضرورت ہے؟ ، ان سے انڈر ٹیکنگ لے لیتے ہیں کہ جیل ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک نہ کریں، نوید ملک ایڈووکیٹ نے کہا کہ اگر یہ یقین دہانی کروائیں کہ باہر آ کر سیاسی گفتگو نہیں کریں گے تو ہفتے میں دو دن ملاقات کروا دیتے ہیں، ہماری درخواست ہے کہ ملاقات کیلئے ایک ہی دن رکھا جائے، ہمیں باقاعدہ انتظامات کرنا پڑتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید