کراچی( اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنماء و رُکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے ملیر ہالٹ پر ٹینکر گردی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے واقعے پر دل انتہائی رنجیدہ ہے،شہر میں ٹینکر وڈمپرز مافیاز کا راج ہے، جنگل کا بھی کوئی قانون ہوتا ہے مگر یہاں مضبوط لوگوں نے اپنی اپنی ریاستیں قائم کر رکھیں ہیں جو کہ ریاست آئین اور قانون کی عملداری کو کُھلا چیلنج ہے، شہر کراچی مکمل طور پر قانون فری ہوچکا ہے، یہاں کے شہریوں کو کبھی ڈاکو تو کبھی ٹینکر، ڈمپرز مار جاتے ہیں مگر کوئی پوچھنے والا نہیں، صوبائی حکومت مکمل طور پر بے حس نظر آتی ہے، وزیراعظم پاکستان، آرمی چیف اور چیف جسٹس آف پاکستان کراچی کی بدترین صورتحال کا نوٹس لیں شہر کے لوگ اس وقت احساس کمتری کی آخری حد سے بھی آگے نکل چکے ہیں۔