کراچی(نیوزڈیسک)میانمار اور تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں خوفناک زلزلے سے متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں ، میانمار میں پل اور ڈیم بھی تباہ ہوگیا ، شدت 7.7ریکارڈ، 146افراد میانمار اور 8بینکاک میں ہلاک ہوئے، بنگلا دیش، بھارت، لاؤس اور چین میں بھی زلزلہ ۔ میانمار میں حکام کے مطابق زلزلے سے 144افراد ہلاک اور 732زخمی ہوگئے، ملک بھر میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے ، زلزلے سےمیٹرواور ریل سروس معطل کردی گئی، تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں زیر تعمیر کثیر المنزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں وہاں 7افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ، بینکاک میں مجموعی طور پر8ہلاکتیں رپورٹ ہوئیں ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میانمار میں جمعے کے روز7.7اور6.4کی شدت کے یکے بعد دیگرے2زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت7.7محسوس کی گئی، جس کا مرکز میانمار میں 10کلومیٹر زیرِ زمین تھا۔میانمار میں آنے والا زلزلہ اتنا شدید تھا کہ اس نے تقریباً 900کلومیٹر دور بنکاک میں بھی بلند و بالا عمارت کو ڈھیر کر دیا۔ زلزلے کے جھٹکوں سے متاثرہ عمارتوں کے منہدم ہونے کے مناظر کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لیے جو سوشل میڈیا پر وائرل پر وائرل ہو رہے ہیں۔