کراچی (عبدالماجدبھٹی) پاکستانی نژاد محمد ارسلان عباس نے والد اظہر عباس جن کا تعلق خانیوال سے ہے۔ اس علاقے کے شبیر احمد اور مسعود انوار ٹیسٹ کرکٹ کھیل چکے ہیں۔ ویلنگٹن کے بولنگ کوچ اظہر عباس نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ میری دو بیٹیاں اور ایک بیٹا محمد عباس ہے۔ نیپیئر میں جب محمد عباس کا ڈیبیو انٹر نیشنل میچ تھا تو میں اور میرا پورا خاندان گرائونڈ میں موجود تھا، عباس نے اسٹروک مارنا شروع کئے تو سب خواب لگ رہا تھا۔ میچ کے بعد میں نے محمد عباس سے پوچھا 90میل فی گھنٹے کی رفتار والے پاکستانی بولروں سے خوف نہیں آیا تو اس نے کہا کہ مجھے لگا کہ آپ نیٹ پر بولنگ کررہے ہیں ۔ میں نے عام میچوں کی طرح بیٹنگ کی اللہ تعالی نے عزت دی۔ اظہر عباس نے کہا کہ میں نے ملتان ریجن اور اے ڈی بی پی کی جانب سے40فرسٹ کلاس میچ کھیلے ،شعیب اختر، منصور رانا ، منظور الٰہی اور ظہور الٰہی کے ساتھ کرکٹ کھیل چکا ہوں۔22 سال پہلے نیوزی لینڈ شفٹ ہوا، یہاں پہلے کرکٹ کھیلی۔ پھر آکلینڈ کی کوچنگ کی۔ اب ویلنگٹن میں کوچ کرتا ہوں ۔19سال سے محمد عباس کی کوچنگ کی۔نیوزی لینڈ کرکٹ میں میرٹ اور پروفیشنل ازم ہے۔ یہاں اسکول، ویمنز او ریجنل کرکٹ کو این زیڈ سی کرکٹ سپورٹ کرتا ہے۔ ہر سال کوچز اور کھلاڑیوں کے معاوضوں میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ پروفیشنل سیٹ اپ کی وجہ سے نیوزی لینڈ کرکٹ ہر سا ل پہلے سے بہتر ہورہی ہے۔ دریں اثنا محمد عباس نے میچ کے بعد کہا کہ نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرنا اعزاز ہے ، یہ خواب دیکھ کر بڑا ہوا ہوں، میرے خاندان کے بہت سے لوگ اب بھی پاکستان میں رہتے ہیں، میری والدہ اور والد کی طرف سے کئی رشتہ دار لاہور اور ملتان میں رہتے ہیں ، فیملی نے ہمیشہ ساتھ دیا ہے ، میں اور میرے والد ویلنگٹن کی طرف سے کھیلے ، میرے والد ہمارے لیےیہاں منتقل ہوئے، انہوں نے بہت قربانیاں دیں ، ہم نے اکٹھے خواب دیکھے تھے اور اب سب ایسا ہو گیا ہے تو یقین نہیں آتا ، یہ سب کچھ شاندار اور ناقابل یقین ہے ، عظیم کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرتے ہو ئے دیکھا ہے ۔ یہ میرے لیے بڑا خاص ہے کہ میں پاکستان میں پیدا ہونے والا پہلا کیوی کرکٹر ہوں ، میں ایک برس کا تھا جب ہم نیوزی لینڈ آئے ۔ بچپن میں سوچا کرتا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ پاکستان کے خلاف میرا ڈیبیو ہو۔ ایسا ہو گیا ہے تو یہ میرے لیے بڑا الگ احساس ہے ۔ یاد رہے کہ انہوں نے نیوزی لینڈ کی جانب سے ون ڈے میں ڈیبیو پر 26 گیندوں پر 52 رنز بنائے جس میں تین چھکے اور تین چوکے شامل تھے۔ محمد ارسلان عباس 2003 میں لاہور میں پیدا ہوئے تھے۔