کراچی (اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان ٹیم کا دس روزہ تربیتی کیمپ اتوار کو لاہور میں ختم ہوگیا ۔ کھلاڑی، کوچنگ و مینجمنٹ اسٹاف عید منانے گھر روانہہوگئے ، تمام پلیئرز اور سپورٹ اسٹاف 3 اپریل کو دوبارہ لاہور میں رپورٹ کریں گے۔ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کیلئے غیر ملکی ٹیموں کی آمد کاسلسلہ جمعرات سے شروع ہو گا ۔ تھائی لینڈ کی ٹیم 3 جبکہ ویسٹ انڈیز ، بنگلہ دیش ، آئر لینڈ اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں جمعے کو لاہور پہنچیں گی۔ کوالیفائر ایونٹ 9 سے 19 اپریل تک کھیلا جائے گا ۔میچ قذافی اسٹیڈیم اور ایل سی سی اے گراونڈ میں کھیلے جائیں گے۔