کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ضلع مردان کے پہاڑی علاقے کاٹلنگ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران عام شہریوں کی اموات پر تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مردان میں آپریشن سے متعلق وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کاٹلنگ میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کے دوران عام شہریوں کی شہادتوں کا واقعہ قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری اطلاعات کے مطابق ہفتے کی صبح اسی علاقے میں دہشتگردوں کے خلاف کاروائی کے دوران 12دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کارروائی کے دوران عام شہریوں کی شہادتوں کے افسوسناک واقعے کی تمام پہلوؤں سے انکوائری کی جائے گی جب کہ انکوائری رپورٹ آنے کے بعد صوبائی حکومت واقعے سے متعلق اپنا واضح موقف دے گی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبائی حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔