کراچی (جنگ نیوز) روسی نژاد ٹینس پلیئر داریا کسٹکینا نے چارلسٹن اوپن میں بطور آسٹریلین شہری اپنے کیریئر کے ایک نئے باب کا آغاز کیا، ان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ جذباتی اور پرجوش ہیں، پچھلے ہفتے مستقل رہائش کی اجازت مل گئی ہے، اب آسٹریلوی پرچم کے تحت کھیلیں گی۔ 27 سالہ کسٹکینا اس وقت نیوٹرل کھلاڑی کے طور پر ٹور پر کھیل رہی تھیں، کیونکہ روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو یوکرین پر روس کے حملے کے بعد اپنے پرچم کے تحت مقابلہ کرنے کی اجازت نہیں تھی ۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا آسٹریلوی کھلاڑی کے طور پر پہلا باضابطہ دن ہے۔ سچ کہوں تو یہ مختلف محسوس ہوتا ہے، میں جھوٹ نہیں بولوں گی۔ یہ میرے لیے جذباتی ہے۔ مجھے اس عادت ڈالنی ہوگی۔ لیکن میں بہت خوش ہوں کہ میں اپنی زندگی کے اس نئے باب کا آغاز کرتے ہوئے آسٹریلیا کی نمائندگی کر رہی ہوں۔