• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بنیادی حقوق کی پاسداری جمہوری معاشرے کی بنیاد، ہر سطح پر برقرار رکھنا چاہئے، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

اسلام آباد(جنگ رپورٹر)چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس یحیٰ آفریدی نے کہا ہے کہ بنیادی حقوق کی پاسداری کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتی ہے،اوربنیادی حقوق کو ہر سطح پر برقرار رکھا جانا چاہیے،انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کے روز سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں محمد روئف عطاء کی سربراہی میں وکلاء کے وفد کے ساتھ ملاقات میں کیا ، سپریم کورٹ بار کےوفد نے بلوچستا ن کی صورتحال سے اگا ہ کیا، وفا قی حکومت سے سنیئر سیاستدانوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی اپیل کی ، چیف جسٹس کاقومی اتفاق رائے کیلئے کاوشوں پر خراجِ تحسین سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جاری کر دہ یس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران میاں محمد روئف عطاء نے چیف جسٹس کو بلوچستان کی موجودہ صورتحال سے آگاہ کیا کہ وہاں پرآئین کے تحت دیے گئے بنیادی حقوق فی الوقت ناپید ہو چکے ہیں،ان حالات نے صوبہ میں امن و امان کی صورتحال کو مزید خراب کر دیا ہے، جس کے نتیجہ میں عوامی بے چینی اور باغیانہ سرگرمیوں میں اضافہ ہورہا ہے اور سڑکوں کی بندش نے عام شہریوں کی روزمرہ زندگی کو براہِ راست متاثر کیا ہے،انہوں نے اس صورتحال سے متعلق اپنے مشاورتی اجلاسوں کی تفصیلات بھی شیئر کیں جو بلوچستان کے مسائل پر وسیع البنیاد قومی اتفاق رائے حاصل کرنے کے مقصد سے منعقد کیے جا رہے ہیں، انہوں نے کہاکہ عمومی طور پر قومی سیاسی قیادت کی اکثریت اس بات پر متفق ہے کہ ان مسائل کا حل جمہوری انداز، سیاسی مکالمہ اور مذاکرات کے ذریعے بلوچستان کے عوام کے حقیقی مسائل کو سننے اور حل کرنے میں ہے۔