اسلام آباد( نیوز رپورٹر)مری میں قیمتی سر کاری اراضی پر تنازعات ؛کیسز کی یکسوئی سے پیر وی کا حکم دیدیا گیا، وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ کی زیر صدارت ضلع مری میں واقع کونسٹنٹیا لاج سے متعلق قانونی تنازعات کے حل کے لئے لائحہ عمل پر تفصیلی بحث کے لئے خصوصی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، سیکرٹری ہاوسنگ اینڈ ورکس، ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ یہ اجلاس وزیر اعظم پاکستان کی ہدایات پر طلب کیا گیا تاکہ ریاست کی ملکیتی جائیداد پر قانونی چارہ جوئی کے امور کے جلد تصفیے کے لئے یکسوئی سےکوششیں کی جائیں۔ ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس اور ایڈیشنل کمشنر راولپنڈی نے مری میں کشمیر پوائنٹ پر واقع اسٹیٹ نمبر 43 اور 44 کونسٹنٹیا لاج کی پراپرٹی کی تفصیلات اور قبضے کی حیثیت پر بریفنگز دیں۔ یہ 4 اعشاریہ 6ایکڑ کی ایک قیمتی جائیداد ہے۔ اس پر کئی تجاوزات کے ساتھ جائیداد کے تین دعویدار ہیں۔ ماضی میں یہ لاج غیر ملکی مشنز کی رہائش کے لئے دفتر خارجہ کے زیر استعمال رہی اور اسے برازیل کے سفارت خانے کو بھی لیز پر دیا گیا لیکن بعد میں اسے 1999ء میں پاک پی ڈبلیو ڈی کو منتقل کر دیا گیا۔