• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کا آج آغاز، آٹھ ٹیموں کا ٹکراؤ، پاکستان کو آئرش چیلنج کا سامنا

کراچی( اسٹاف رپورٹر) آئی سی سی خواتین کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر کا میلہ بدھ سے لاہور میں سجے گا۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کوالیفائنگ راؤنڈ کے پہلے میچ میں آئرلینڈ کے مدمقابل ہوگی۔ یہ ڈے میچ قذافی سٹیڈیم لاہور میں صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے قذافی اسٹیڈیم کے تمام میچز میں شائقین کا داخلہ فری کر دیا ہے، پاکستان ٹیم کی قیادت کپتان فاطمہ ثنا کریں گی۔ ٹورنامنٹ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا، دو ٹیمیں آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ویسٹ انڈین ٹیم کاغذوں پر سب سے مضبوط ٹیم ویسٹ انڈیز کی لگ رہی ہے، اسے ٹورنامنٹ جیتنے کیلئے فیورٹ قرار دیاجارہا ہے، گرلز ا ن گرین پاکستان کو ہوم گراؤنڈ اور کراؤڈ کا ایڈوانٹیج حاصل ہے۔ بنگلہ دیش نے بھی حالیہ دنوں میں اچھی پرفارمنس پیش کی ہے۔پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا کا کہنا ہے کہ بہترین کرکٹ کھیل کر ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنا ترجیح ہے۔ پلیئرز کوالیفائنگ راؤنڈ جیتنے کیلئے پر جوش ہیں ،کھلاڑیوں نے شائقین کرکٹ سے قذافی اسٹیڈیم میں آکر میچ دیکھنے اور سپورٹ کرنے کی درخواست کی ہے۔ وکٹ کیپر بیٹرنجیہہ علوی نے کہا کہ ٹیم نے بھرپور تیاری کی ہے، اور ہم شائقین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اسٹیڈیم آ کر ہمیں سپورٹ کریں۔ یہ ہمارے لیے بہت اہم موقع ہے اور آپ کی حمایت ہمارے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہوگی۔ وکٹ کیپر بیٹر سدرہ نواز نے کہاکہ پی سی بی کا یہ اقدام شائقین کیلئے بہت خوش آئند ہے کہ اسٹیڈیم کے میچز کے لیے فری انٹری رکھی گئی ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ آپ اپنے خاندان کے ساتھ آئیں اور میچز دیکھیں۔ آپ کی سپورٹ ہمارے لیے بہت ضروری ہے۔ ٹاپ اسپنرسعدیہ اقبال نے کہا کہ ہم آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کر رہے ہیں اور شائقین سے درخواست کرتے ہیں کہ ہمیں اسٹیڈیم آ کر سپورٹ کریں۔میزبان پاکستان کے علاوہ اس ٹورنامنٹ میں ویسٹ انڈیز، بنگلہ دیش، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں شریک ہیں۔ کوالیفائنگ راونڈ کے قذافی سٹیڈیم میں مجموعی طور پر 8 میچ کھیلے جارہے ہیں۔ پاکستان اپنا پہلا میچ آئرلینڈ کے ساتھ 9 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گا۔ میچ صبح ساڑھےنو بجے شروع ہوگا ، دوسرا میچ آئرلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 11 اپریل کو کھیلا جائے گا، تیسرا میچ بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے درمیان 13 اپریل کو دوپہر 2 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 14 اپریل کو ڈے اینڈ نائٹ میچ ہو گا ۔ پانچواں میچ بنگلہ دیش اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان 15 اپریل کو ہوگا ،پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان 17 اپریل کو قذافی اسٹیڈیم میں میچ کا آغاز دوپہر 2 بجے ہو گا ۔ 7واں میچ آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان 18 اپریل کو د آخری میچ تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 19 اپریل کو کھیلا جائے گا۔

اسپورٹس سے مزید