کراچی (اسٹاف رپورٹر) ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان اور ہمدرد پبلک اسکول کے زیر اہتمام عالمی ادارہ صحت کی تھیم ’’صحت مند آغاز، پُرامید مستقبل‘‘ پر گزشتہ روز 33ویں عالمی چلڈرنز ہیلتھ کانفرنس آن لائن منعقد ہوئی۔ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان کی صدر سعدیہ راشد،کانفرنس کے صدر عالمی ادارہ صحت سندھ آفس کے سربراہ ڈاکٹر مختیار حسین بھایو، مہمان خصوصی معروف سرجن پروفیسر ڈاکٹر زریاب سیتنا، ہمدرد پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر /سی ای او فاطمہ منیر احمد، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے بدر منیر اور ڈائریکٹر ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان سید محمد ارسلان سمیت دیگر معزز مہمانوں نے ہمدرد کارپوریٹ ہیڈ آفس سے کانفرنس کی کارروائی میں شرکت کی۔ امریکا، روس، آسٹریلیا، ملائیشیا اور ایران سمیت پاکستان کے مختلف شہروں سے نونہال مندوبین اور عالمی ادارہ صحت کے دیگر صوبائی سربراہان بہ ذریعہ ’’زوم‘‘ شریک ہوئے اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ افتتاحی کلمات میں سعدیہ راشد نے کہاکہ اگلی نسلوں کی صحت اور بہبود کی اہمیت اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ اس کانفرنس کے انعقاد کے ذریعے ہمدرد فاؤنڈیشن پاکستان گزشتہ تین دہائیوں سے عوام میں بچوں کی صحت کی اہمیت و افادیت اُجاگر کرنے کی سعی میں مصروف عمل ہے۔