اسلام آباد( نمائندہ جنگ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی آمدن میں برآمدات سے اضافہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،مقامی صنعت کو لیول پلئینگ فیلڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے،آئندہ بجٹ کی تیاری میں صنعتوں اور کاروباری تنظیموں سے مشاورت اور ان کی تجاویز کو شامل کیا جائے۔ وزیر اعظم نے یہ بات گزشتہ روزبرآمدات سہولت اسکیم (EFS) کے حوالے سے بلائے گئے جائزہ اجلاس کی صدارت کے دوران کہی ،اجلاس میں برآمدات سہولت اسکیم (EFS) کو مؤثر بنانے اور برآمدی شعبے کا اس سے استفادہ یقینی بنانے کیلئے قائم کمیٹی کی عبوری سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ برآمدی صنعتوں کے خام مال اور مشینری کی درآمد پر سہولت کیلئے اس سکیم کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے کمیٹی کی سفارشات پر شعبے کے ماہرین سے مزید مشاورت یقینی بنائی جائے،کمیٹی مزید مشاورت سے عبوری سفارشات کو حتمی شکل دے کر رپورٹ جلد پیش کرے۔