• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت کا رات گئے ضلع لیہ کے مختلف ہسپتالوں کا اچانک دورہ

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی پنجاب و جنوبی پنجاب نادیہ ثاقب کی خصوصی ہدایات پر سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین کا گذشتہ رات گئے ضلع لیہ کے مختلف اسپتالوں کا اچانک دورہ، مریضوں کی جانب سے ادویات مارکیٹ سے منگوائے جانے کی شکایات پر سپیشل سیکریٹری ہیلتھ محمد شہباز حسین کا اظہار تشویش ، سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی پنجاب و جنوبی پنجاب نادیہ ثاقب کے احکامات پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کا سپیشل آڈٹ کرنے کے لیے خصوصی کمیٹی قائم،نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے گذشتہ سے پیوستہ رات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال لیہ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتالوں کروڑ لعل عیسن و کوٹ سلطان میں ڈاکٹروں اور میڈیکل و پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری، طبی آلات و مشینری کی موجودگی اور اس کے فنکشنل ہونے کو چیک کیا۔ انہوں نے اسپتالوں میں صفائی کی صورتحال، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کوفراہمی کو بھی چیک کیا - انہوں نے رات کے آخری پہرایمانداری اور احساسِ ذمہ داری سے مریضوں کے علاج معالجہ میں مصروف تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کوٹ سلطان کے ڈیوٹی ڈاکٹر احسان حیدر کو خصوصی شاباش دی ۔ سپیشل سیکریٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے مزید کہا کہ ضلع لیہ سمیت جنوبی پنجاب کے دوردراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کوطبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی غفلت برداشت نہیں کروں گا۔ انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت و آبادی کے ضلعی انتظامی افسران نہ صرف فیلڈ میں نکلیں بلکہ اپنے دفاتر میں عوام کی رسائی آسان بنائیں اور دکھی انسانیت کے علاج میں ڈاکٹر اور پیرا میڈیکس حقیقی معنوں میں مسیحا کا کردار ادا کریں-
ملتان سے مزید