• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جونیئر ہاکی کھلاڑیوں کیلئے کیمپ آف سیزن میں لگے گا

کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے پی ایچ ایف نے جونیئر ٹیم کے کوچنگ اسٹاف کی تجویز پر کھلاڑیوں کا کیمپ آف سیزن میں لگانے کی منظوری دے دی ہے، جس کے تحت عمان ہاکی ٹیم کے خلاف سیر یزکے خاتمے کے بعد قومی کیمپ منگل سے لاہور میں شروع ہوگا، جو قومی گیمز کے آغاز سے قبل 28اپریل تک جاری رہے گا، قومی ٹیم کے کوچ کامران اشرف نے جنگ سے بات چیت میں کہا کہ قومی گیمز کے اختتام کے بعد مئی کے پہلے ہفتے میں کیمپ دوبارہ شروع ہوگا،قومی گیمز کے دوران ٹیم انتظامیہ اور سلیکٹرز کھلاڑیوں کی کار کردگی کا جائزہ لیں گے، گیمز سے اگر کوئی نئی دریافت سامنے آئی تو اسے بھی کیمپ کا حصہ بنایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ جرمنی کے خلاف سیریز مشکل تھی اور کھلاڑیوں کو بڑی ٹیم کے خلاف کھیلنے کا تجربہ نہیں تھا، دوسرے میچ میں حنان کےزخمی ہونے سے کار کردگی متاثر ہوئی، عمان کے خلاف سیریز سے فائدہ ہوا کچھ نئے کمبی نیشن کو بھی آزمایا ہے، پی ایچ ایف کو تجویز دی ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل یورپ اور ایشیائی ٹیموں کے ساتھ بیرون ملک سیریز کا انتظام کیا جائے،تاکہ کھلاڑیوں کو غیر ملکی سرزمین پر کھیلنے کا بھی تجربہ ملے۔