سکھر (جنگ نیوز) اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ، آرکیٹیکچر، ڈیزائن اینڈ ہیریٹیج، سکھر کی جانب سے اکیڈمک سیشن فال 2025(راؤنڈ 01) کیلئے داخلہ ٹیسٹ کامیابی سے لیا گیا۔ ملک کے مختلف علاقوں سے ایک ہزار سے زائد امیدواروں نے اس ٹیسٹ میں شرکت کی۔ یہ ٹیسٹ 14مختلف ڈگری پروگرامز کے لیے لیا گیا، جن میں بی ایس سائبر سیکیورٹی، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، آرکیٹیکچر، بی ایس سول انجینئرنگ، بی ایس انوائرنمنٹل سائنسز، بی ایس فیشن ڈیزائن، بی ایس ٹیکسٹائل ڈیزائن، بی ایس سیرامک ڈیزائن، بی ایس ویژول آرٹس، بی ایس پاکستان اسٹڈیز، بی ایس تاریخ، بی ایس آثار قدیمہ، بی ایس سیاحت و مہمان نوازی، بی ایس ملٹی میڈیا اینڈ گیمنگ شامل ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ کی نگرانی میں یہ ٹیسٹ یونیورسٹی کے احاطے میں لیا گیا۔ طلبہ کیلئے 20 بلاکس مختص کیے گئے، جہاں امیدواروں کیلئے تمام ضروری سہولیات فراہم کی گئیں۔ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے، کنٹرول روم قائم کیا گیا اور والدین کے لیے بھی علیحدہ جگہ کا بندوبست کیا گیا۔ ٹیسٹ مکمل طور پر محفوظ اور منظم ماحول میں منعقد ہوا، جہاں یونیورسٹی کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔